(لاہور نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نیا سال سب کیلئے مزید بھاری ہوگا، کوئی بہت بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بڑوں سے اپیل کرتا ہوں کہ غریبوں کو معاف کر دیں غریبوں کے حالات بڑے خراب ہیں، باقی یہ جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے فیصلہ تو کسی اور نے کرنا ہے، یہ تو ویسے ہی جمہ جنج کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا سال سب کیلئے مزید بھاری ہوگا یہ جو سوچے بیٹھے ہیں کہ شاید نئے سال میں کوئی بہت بڑی تبدیلی آجائے گی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، قبر ایک ہے اور مردے دو نہیں بلکہ تین ہیں، پہلے میں دو کہتا تھا اب تین کہتا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی کوئی بات نہیں ہے ان کی کوئی سن ہی نہیں رہا، جو لوگ جیل میں ملاقات نہیں کرا سکتے، آپ کا خیال ہے کہ وہ مذاکرات کا نتیجہ نکالیں گے۔