القادر ٹرسٹ فیصلے میں تاخیر قابل تشویش، مذاکرات میں تعطل نہیں آنا چاہیے: پی ٹی آئی
(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ نہ آنا قابل تشویش ہے، مذاکرات تعطل کا شکار نہیں ہونے چاہیے۔
اسلام آباد میں عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ اور شبلی فرازکے ہمراہ بیرسٹر گوہر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے دو نکات ہیں ، ایک 9 مئی اور 26نومبر واقعہ پر جوڈیشل کمیشن بنانا دوسرا بے گناہ کارکنوں کی رہائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومتی مذاکراتی کمیٹی سےدوملاقاتیں ہوچکی ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ حکومت کے ساتھ ہمارے مذاکرات تعطل کا شکار ہوں، عمران خان نے القادرٹرسٹ سے کوئی فائدہ نہیں لیا ، بانی پی ٹی آئی نے کل بھی کہا جلد القادرٹرسٹ کیس کا فیصلہ آنا چاہیے، رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے آزادانہ ماحول میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا کہا تھا، حکومت کی طرف سے تاحال ملاقات کی اطلاع نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام اسیران کورہا کیا جائے، مطالبات تحریری شکل میں نہ ہونے کی وجہ سے مذاکرات تاخیر کا شکار نہیں ہونے چاہئیں، نو مئی، 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، کسی رکاوٹ کے بغیر بانی سے ملاقات کرائی جائے گی تو حکومت کی سنجیدگی کا علم ہو گا۔
عمر ایوب نے مزید کہا کہ ملک میں افراتفری کا ماحول ہے، ملک میں بے روزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، دو سال میں 20 لاکھ نوجوان ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، ملکی معیشت کا برا حال، زیرو گروتھ ہے، ملکی مسائل کا واحد حل شفاف الیکشن ہونے چاہئیں، تحریک انصاف ایک بار پھر نئے شفاف الیکشن کا مطالبہ کرتی ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ کل عمران خان سے جیل میں ملاقات ہوئی، بانی نےکہا تمام اسیران کی رہائی ہونی چاہیے، عمران خان اپنےکارکنان کے ساتھ کھڑے ہیں، ریاست اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کر دی گئی ہے۔
شبلی فراز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کی، بانی پی ٹی آئی پر سیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے، القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ نہ آنے پر ہمیں تشویش ہے، القادرٹرسٹ کیس کا فیصلہ فوری آنا چاہیے، عمران خان اوران کی اہلیہ القادرٹرسٹ کے ٹرسٹی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی کوفلاحی کام کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، ہم کوئی رعایت نہیں مانگ رہے، ہم چاہتے ہیں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے، رول آف لا کے بغیر ملک میں استحکام نہیں آ سکتا، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔
شبلی فراز نے ’اڑان پروگرام کو فراڈ اور کھوکھلا‘ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ احسن اقبال ایسے کئی پروگرام دے چکے ہیں، یہ صرف عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، مہنگائی سے عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے، رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ دو چار ماہ کی یہ مہمان حکومت ہے، انہوں نے ملک مفلوج کر دیا اور اپنے کیسز معاف کرا لیے ہیں۔