(لاہور نیوز) ٹریفک پولیس کی جانب سے سال 2024 میں ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف جاری چالان کے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق سال 2023 کی نسبت 2024 میں ٹریفک قوانین کیخلاف ورزیوں پر شہریوں کو 84 فیصد سے زائد جرمانے ہوئے، ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں پر شہریوں کے سال 2024 میں 1 کروڑ 17 لاکھ 91 ہزار 117 چالان کئے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق سال 2024 میں قانون شکنی پر موٹر سائیکل سوار سر فہرست رہے، سال 2024 میں 61 لاکھ 86 ہزار سے زائد موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے جبکہ سب سے زیادہ چالان لائن و لین کیخلاف ورزی اور موٹر سائیکل پر 2 سے زائد افراد کے سوار ہونے پر کیے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ، بغیر لائسنس، کم عمر و سموگی وہیکلز کیخلاف خصوصی مہم چلائیں جبکہ بغیر ہیلمٹ پر سال 2023 کی نسبت 2024 میں 102فیصد زیادہ جرمانے ہوئے۔
ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے سال 2023 کی نسبت گزشتہ سال 137 فیصد زیادہ جرمانے ہوئے، کمر عمر ڈرائیور کیخلاف سال 2023 کی نسبت سال 2024 میں 117 فیصد زیادہ چالان ہوئے جبکہ بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 2023 کی نسبت 2024 میں 87 فیصد زیادہ جرمانے ہوئے۔