(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ملک میں انسانی سمگلنگ کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایف آئی اے کی جانب سے کئے گئے حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلروں کے سہولت کار سرکاری افسران کیخلاف حالیہ تادیبی کارروائیوں کا آغاز خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سہولت کاروں کے خلاف تادیبی کاروائی کے بعد سخت تعزیری اقدامات بھی لیے جائیں، ملک میں تمام انسانی سمگلنگ کے گروہوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ وہ نشان عبرت بنیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلروں کی جائدادوں اور اثاثوں کی ضبطگی کے لئے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اس مکروہ دھندے میں ملوث تمام افراد کیخلاف استغاثہ کے عمل کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ استغاثہ کیلئے وزارت قانون و انصاف سے مشاورت کے بعد اعلیٰ ترین درجے کے وکلاء تعینات کیے جائیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ بیرون ملک سے انسانی سمگلنگ کا دھندہ چلانے والے پاکستانیوں کیلئے متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور انکی پاکستان حوالگی کے حوالے سے جلد از جلد اقدامات اٹھائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں انسانی سمگلنگ کیخلاف لیے گئے اقدامات، سہولت کاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی پیشرفت اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے.