(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں کیسز کی سماعت کے لیے نیا ججز روسٹر جاری کر دیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد نیا ججز روسٹر جاری کیا گیا ہے، 13جنوری سے یکم مارچ تک لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر 22 سنگل اور 8 ڈویژن بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے۔
لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر 8 ڈویژن بینچ کیسز کی سماعت کریں گے، چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بینچ تمام نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔
جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس انوار حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ ٹیکس اور بینکنگ کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس عابد حسین چٹھہ پر مشتمل بینچ ٹیکس اور کمرشل نوعیت کے کیسز پر سماعت کرے گا۔
جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس مسعود عابد نقوی پر مشتمل بینچ سول اپیلوں پر مقدمات کی سماعت کرے گا، جسٹس شاہد کریم اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل بینچ سول اور ٹیکس نوعیت کے کیسز کی سماعت کرے گا۔
جسٹس چودھری محمد اقبال اور جسٹس احمد ندیم ارشد پر مشتمل بینچ سول کیسز اور انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرے گا جبکہ جسٹس شہرام سرور چودھری اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل بینچ دہشت گردی اور انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
اسی طرح جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس وحید پر مشتمل بینچ نیب کے کیسز کی سماعت کرے گا۔