(لاہور نیوز) سابق ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ یہ کیس غیر مؤثر تو نہیں ہو گیا؟ جس پر حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آئینی بنچ نے گزشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹسز جاری کیےتھے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ پرویز الہٰی بھی اس کیس میں فریق ہیں، ان کی جانب سے کون پیش ہو گا؟ بعدازاں عدالت نے سابق ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو نوٹس جاری کر دیا، عدالت نے پرویز الہٰی کو نوٹس حمزہ شہباز نظر ثانی کیس میں جاری کیا ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حمزہ شہباز کی جگہ چودھری پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کا حکم دیا تھا، جس پر حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی دائر کرتے ہوئے فیصلہ چیلنج کر رکھا تھا۔