(لاہور نیوز) پاکستانی سٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا کہ صائم ایوب کی انجری کی وجہ سے اوپننگ کی۔
پاکستانی سٹار بیٹر بابر اعظم نے کیپ ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمیشہ کوشش ہوتی ہے جہاں ٹیم کو ضرورت ہو وہاں پرفارم کروں، دوسری اننگز میں شان مسعود کے ساتھ اچھی پارٹنر شپ ہوئی۔
بابر اعظم نے کہا کہ فینز جو توقع کر رہے تھے ان پر پورا نہیں اتر رہا تھا، محنت جاری رکھی جس وجہ سے کامیابی ملی۔
واضح رہے کہ قومی بلے باز صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجرڈ ہو گئے تھے، فیلڈنگ کےدوران صائم ایوب کے دائیں پاؤں کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے صائم ایوب کو علاج کے لئے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے، صائم ایوب کی لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ اپوائنٹمنٹ طے کر لی گئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ صائم ایوب کے علاج معالجے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، امید ہے صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔