(لاہور نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سال 2025 پاکستان کی معاشی ترقی کا سال ثابت ہو گا، ترقی اورخوشحالی کا سفر تب ہوگا جب سیاسی استحکام ہو گا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، ملک میں سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی استحکام بھی ہو گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی 4.1 فیصد پر آگئی ہے، تمام ارکان نے 2024 کے دوران ملک میں معاشی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا، 5 ماہ کے دوران ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر 4 ارب ڈالر سے بڑھ کر 12 ارب ڈالر سے بھی تجاوز کر گئے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، یہ ترقی اور خوشحالی کا سفر تب ہو گا جب ملک میں سیاسی استحکام ہو گا، معاشی استحکام سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، چاول کی برآمد سے ملک کو 4 ارب ڈالر کا خطیر زرمبادلہ حاصل ہوا، این ایل سی کے ذریعے روس تک سامان کی ترسیل ہو رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کے ساتھ کئی شعبوں میں معاہدے پروان چڑھ رہے ہیں، حکومت نے اے ڈی آرز کے ذریعے بینکوں سے 72 ارب روپے وصول کیے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے، دہشت گردی کا سر کچلنے کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہو گا، ملک میں جب امن ہو گا تو ترقی ہو گی، ملکی ترقی کے لیے امن کا قیام ناگزیر ہے، دہشت گردی کا سرکچلے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔