02 Jan 2025
(لاہور نیوز) احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں وکلاء صفائی کو گواہ پر جرح کا آخری موقع دے دیا۔
سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکلاء صفائی کی جانب سےبشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز کی حاضری معافی کی درخواست دی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ارشد تبریز بیماری کی وجہ سے حاضر نہیں ہو سکتے سماعت ملتوی کی جائے، پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی جانب سے درخواست کی مخالفت کی گئی۔
بعدازاں عدالت نے وکلاء صفائی کی درخواست منظور کرلی اور گواہ پر جرح کا حتمی موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔