(ویب ڈیسک) معروف رائٹر خلیل الرحمٰن قمر نے دعویٰ کیا ہے کہ میرا لکھا گیا سکرپٹ خدا کی طرف سے آتا ہے، میں اپنی تحریروں کا صرف محافظ ہوں۔
خلیل الرحمٰن قمر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں آپشن دیا جائے تو وہ اپنے کون سے ڈرامے یا فلم پر ہولی ووڈ میں فلم بنتی دیکھنا چاہیں گے؟
اس پر انہوں نے ہولی ووڈ کو پاکستانی انڈسٹری سے کم تر قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ پاکستان میں ہولی ووڈ سمیت تمام دنیا سے زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
ڈراما و فلم ساز کا کہنا تھا کہ ہولی ووڈ انڈسٹری ہم سے وسائل اور پیسوں میں آگے ہے، ان کے پاس بہت پیسے ہیں، اس لیے ان کا کام اچھا نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کام ہمارے ہاں صرف 50 لاکھ روپے میں ہوتا ہے،اسی کام پر ہولی وڈ میں 50 لاکھ ڈالر بھی لگائے جاتے ہیں، جس وجہ سے وہاں کا کام بڑا نظر آتا ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ کسی کا محتاج نہیں ہوتا، ٹیلنٹ جاپان، امریکا اور بھارت کا محتاج نہیں، اگر ہمارے پاس بھی وسائل ہوں تو ہم ہولی ووڈ سے اچھی فلمیں بنا سکتے ہیں۔
ان کے مطابق ہمارے ہاں کم بجٹ نہیں بلکہ انتہائی قلیل بجٹ میں فلمیں اور ڈرامے بنتے ہیں، جس وجہ سے ہم پیچھے ہوتے ہیں، ورنہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے سکرپٹ میں ایک لفظ کی بھی تبدیلی کرنے کی اجازت اس لیے نہیں دیتے، کیوں کہ وہ اپنے سکرپٹ کے محافظ ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ان کے پاس اللہ کی طرف سے سکرپٹ آتا ہے، وہ صرف اس کے محافظ ہوتے ہیں، اس لیے وہ اپنے سکرپٹ میں کوئی بھی تبدیلی نہیں کرنے دیتے۔