(لاہور نیوز) 2024 ء کا سنہرا اختتام ہونے کے قریب ہے، ہیلتھ میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہیلتھ پراجیکٹ مثال بن گئے، نواز شریف کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سرگودھا، کلینک آن ویل، فیلڈ ہسپتال، چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ، میڈیسن ہوم ڈلیوری، کینسر ہسپتال میں علاج کیلئے چین کا طریقہ علاج ”نو کیمو تھراپی، نوسرجری“متعارف کرایا جائے گا۔
پنجاب ایئر ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا۔
کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال سے تقریباً 68 لاکھ مریض مستفید ہونے کا ریکارڈ بن گیا، پنجاب بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے میگا پراجیکٹ کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے روایتی بی ایچ یو سے ”مریم ہیلتھ کلینک“میں بدل دیا۔
پنجاب بھر میں 2800 سے زائد ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا ریکارڈ بن گیا، پنجاب بھر کے دور دراز دیہی علاقوں میں فیلڈ ہسپتال کی بے مثال سروس جاری ہے، فیلڈ ہسپتال سے ساڑھے 9 لاکھ مریض مستفید ہوئے، 60 ہزار ایکسرے، ایک لاکھ 35 ہزار لیب ٹیسٹ ہوئے، فیلڈ ہسپتالوں میں الٹراساؤنڈ، فرسٹ ایڈ اور ماں بچے کی صحت کی سہولت بھی موجود ہے۔
لاکھوں شہروں کے گنجان آباد علاقوں کے لئے کلینک آن ویل سے 67 لاکھ مریض مستفید ہوئے، کلینک آن ویل سروسز میں ڈاکٹر، ایل ایچ وی، ویکسی نیشن، سٹاف اور الٹراساؤنڈ بھی میسر ہے، کینسر کے مریضوں کے علاج کیلئے لاہور میں پاکستان کا پہلا پبلک سیکٹر محمد نواز شریف کینسر ہسپتال تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے۔
علاوہ ازیں سرگودھا ڈویژن میں امراض قلب کا پہلا محمد نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بھی تکمیل کے قریب ہے، ضلعی ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کا ٹارگٹ رکھ دیا گیا۔
سپیشل پیکیج کی تجویز پر بھی اتفاق ہو گیا، پنجاب کے ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیب، کارڈیالوجی سینٹر مرحلہ وار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دل کے مریض بچوں کے لئے چیف منسٹر ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت مفت علاج اورآپریشن کا آغاز بھی ہو گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے عوام کی صحت ترجیح ہے، وسائل کی کمی نہیں ہونے دیں گے، عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ کلینک سے بہتر ماحول دینا چاہتے ہیں، ہر ہسپتال میں بہتری لانا چاہتے ہیں، ہر مریض کو مفت علاج اورمیڈیسن ملنی چاہئے۔