(لاہور نیوز) صوبائی وزراء کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ادویات کی جنیرک پرسکرپشن کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سپیشل سیکرٹری عون بخاری، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز قلندر خان، چیف ڈرگز آفیسر اظہر سلیمی، ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر شعیب اسلم و دیگر افسران موجود تھے۔
صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران عوام کیلئے ادویات کی سستے داموں فراہمی کیلئے جنیرک پرسکرپشن کے اقدامات کا جائزہ لیا، متعلقہ ڈرگز حکام نے اس حوالے سے صوبائی وزراء صحت کو بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اس معاملے کو ڈریپ حکام کے ساتھ جلد ڈسکس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ادویات کی جنیرک پرسکرپشن کو ممکن بنانے کیلئے فارمیسی انٹی لیکچوئلز، اکیڈمیہ اور طبی ماہرین کی تجاویز اور آراء پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا عوام کی سہولت کی خاطر پنجاب اور وفاق ایک ہی پیج پر ہیں۔