(ویب ڈیسک) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق شہر لاہور میں 23 اور 24 دسمبر کو شمال مغربی ہوائیں لاہورسمیت ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ ان ہواؤں کی آمد کے سبب بارشیں ہو سکتی ہیں جو کہ فضائی آلودگی کی سطح کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔شہریوں کو فضائی آلودگی کے اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 227 ریکارڈ کی گئی ہے۔ یو ایس قونصلیٹ میں آلودگی کی شرح 533 ریکارڈ کی گئی، جو کہ ایک انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے۔ اسی طرح، جوہر ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 503 ریکارڈ کی گئی جبکہ فیز 8 ڈی ایچ اے میں یہ شرح 375 ریکارڈ کی گئی۔