
(لاہور نیوز) بچوں کو بھیک مانگنے کے لئے اپاہج کرنے کی سزا دس سال کر دی گئی جبکہ پنجاب کی صوبائی کابینہ نے پاڑہ چنار کے شہریوں کے لئے ادویات اور امدادی سامان بھیجنے کے ساتھ کئی اہم امور پر بڑے فیصلے کئے ہیں۔
لاہور میں پنجاب کی صوبائی کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ مریم نواز کی صدارت منعقدہوا جس میں پاڑہ چنار کے لوگوں کی درخواست پر ادویات اور دیگر سامان بھیجنے کی منظوری دی گئی۔
مریم نواز نے کابینہ کے ارکان کو اپنے عوامی جمہوریہ چین کےحالیہ دورہ کے متعلق آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ چین کی 60 بڑی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے، پنجاب کی حکومت چین مین کینسر کے علاج کے لئے رائج طریقہ کار کو پنجاب میں بھی رائج کرنے کے لئے پر عزم ہے، اس طریقہ علاج کا پائلٹ پروجیکٹ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
پنجاب کی صوبائی کابینہ نے ورلڈ بینک کی مالی امداد سے پنجاب کلین ایئر پروگرام کی منظوری بھی دی جس کے تحت الیکٹرک بسیں، الیکٹرک بسوں کے چارجنگ سٹیشن تعمیر کرنے، سپر سیڈر اور کئی دوسرے ملٹی سیکٹوریل اقدامات کیے جائیں گے۔
کابینہ نے پاکستان کی پہلے گرین بلڈنگ پراجیکٹ کی تکمیل کی منظوری بھی دی، وزیراعلی نے ہدایت کی کہ کسان دوست گندم پالیسی متعارف کرائی جائے، کابینہ نے سال25-2024 کے گندم اجرا پالیسی اور ہسپتالوں میں مفت ادویات کے لیے فنڈز کی منظوری بھی دی، کابینہ کی جانب سے بچوں سے بھیک منگوانے کے لیے اپاہج کرنےکی سزا ایک سال سے بڑھا کر 10سال کر دی گئی۔

مریم نواز نے اپنے چین کے دورہ سے متعلق تاثرات کابینہ کے ساتھیوں سے شئیر کرتے ہوئے کہا کہ چین کے سکولوں، ہسپتالوں اور سڑکوں پر رکوئی کاغذ تک پڑا نہیں دیکھا۔