خوارجی دہشتگردوں کی سرکوبی، سی ٹی ڈی اہلکاروں کیلئے 38 لاکھ 50 ہزار روپے کی منظوری
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کے حامل سی ٹی ڈی اہلکاروں کی شاندار حوصلہ افزائی کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کی سرکوبی پر 05 ریجنز کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کیلئے 38 لاکھ 50 ہزار روپے کی منظوری دیدی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملتان ریجن کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے لئے 10 لاکھ ، فیصل آباد ریجن 17 لاکھ، لاہور ریجن کے اہلکاروں کے لئے 07 لاکھ 50 ہزار روپے کی منظوری دی گئی، ساہیوال اور راولپنڈی کے سی ٹی ڈی اہلکاروں کیلئے 02 لاکھ روپے کی منظوری دی۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پانچوں ریجن میں بہترین کارکردگی کے حامل سی ٹی ڈی کارپورلز اور افسران کو ایوارڈز دیئے جا رہے ہیں، سی ٹی ڈی افسران و اہلکاروں نے مختلف ہائی پروفائل آپریشنز کامیابی سے سر انجام دیتے ہوئے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا، ملک کی اندرونی سرحدوں کو محفوظ بنانے والے نڈر اور جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی۔