(لاہور نیوز) والٹن روڈ ڈسپوزل سٹیشن ون سی بی ڈی پنجاب نے مکمل فعال کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ اور حکومت پنجاب کے سموگ روک تھام کے لئے تعمیراتی سرگرمیوں پر عائد پابندی کے باعث والٹن روڈ اپ گریڈیشن پر کام روک دیا گیا تھا، پابندی میں نرمی کے بعد تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر آصف بابر نے بتایا کہ ڈسپوزل سٹیشن ون ایک پیچیدہ کام تھا، نالہ کی منتقلی اور مین سیوریج کے کنکشنز کے بعد ڈسپوزل سٹیشن ون کو فعال کیا گیا ہے، ڈسپوزل سٹیشن ون کی بیک فل شروع کر دی ہے، بیک فل کی تکمیل کے بعد میجر اسحاق شہید فلائی اوور کو بھی فعال کر دیا جائیگا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا والٹن روڈ پر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے کھمبے لگا دیئے گئے ہیں، عوام کے تحفظ کے لئے کھدائی والی جگہ پر حفاظتی بیریئر بھی نصب ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق منصوبہ کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔