(ویب ڈیسک) پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 16 دسمبر سے ہوگا، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔
انسداد پولیومہم کےسلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وزیر صحت سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے مطابق 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانےکا ہدف مقررکیا گیا ہے ۔
اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پولیوکا خاتمہ قومی ایجنڈا ہے تمام صوبوں کومل کر کام کرنا ہوگا،پولیووائرس کے مکمل خاتمے کیلئے صوبوں کے مابین تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے ۔
وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی خطرے کی علامت ہے، قطرے پلانے کیلئے 85 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، سو فیصد کوریج یقینی بنانے کیلئے مائیکرو پلانز بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔