(لاہور نیوز) لاہور کی نہر میں تیرتا ہوا پہلا ریسٹورنٹ ابتدائی مرحلے میں ہی مسائل کا شکار ہو گیا۔
فلوٹنگ ریسٹورنٹ کی تعمیر کے لئے نہر کے اندرونی احاطے میں جگہ کم پڑ گئی۔
پی ایچ اے نے لاہور کینال پر پہلا تیرتا ہوا ریسٹورنٹ بوٹ بنانے کا پلان بنایا، ریسٹورنٹ کی تعمیر کے لئے نہر کے احاطے میں 80 فٹ سے زیادہ جگہ درکار ہے، جلو پارک کے قریب نہر کے احاطے میں ساٹھ فٹ جگہ موجود ہے، ریسٹورنٹ کی تعمیر سے قبل جلو نہر کی توسیع درکار ہو گی۔
جلو کے مقام پر نہر کی توسیع کے لئے محکمہ انہار کی خدمات لینا ہونگی، محکمہ انہار کے این او سی اور توسیع کے بعد فلوٹنگ ریسٹورنٹ میں مزید پیشرفت ہو سکے گی، موجودہ صورتحال میں فلوٹنگ ریسٹورنٹ اور نہر کے احاطے کی اراضی میں تضاد موجود ہے۔
پی ایچ اے نے فلوٹنگ ریسٹورنٹ کی تعمیر کے لئے 35 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا، نہر کی توسیع کے لئے مزید رقم محکمہ ایریگیشن کو ادا کرنا پڑے گی، منصوبہ جلو کے قریب نہر پر بنایا جائے گا، سیٹنگ ایریاز، بچوں کے پلے ایریاز سمیت تفریحی سہولیات بھی ہوں گی۔