10 Dec 2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر انسان رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر انسانی حقوق رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے،انسانی حقوق کا احترام معاشرے کی ترقی، خوشحالی کا سنگِ بنیاد ہے، انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ مسلم لیگ (ن) کا وژن اور اولین ترجیح ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، مذہبی آزادی، اظہارِ رائے اور بنیادی ضروریات تک رسائی یقینی بنا رہے ہیں ، حکومت پنجاب انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے سرگرم عمل ہے ، ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف اور عزت حاصل ہو، انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے معاشرے میں محبت، احترام اور رواداری کو فروغ دیں یہی راستہ خوشحالی کی طرف جاتا ہے۔