(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انتشار پھیلا کر تیزی سے مستحکم ہوتی معیشت کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد میں گزشتہ دنوں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کے لئے اقدامات تیز کئے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران کوئی بے گناہ اور معصوم شہری گرفتار نہ ہو، وزیر اعظم نے انتشار اور فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی کا عمل مؤثر بنانے اور ان کے خلاف ٹھوس ثبوت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ فساد پھیلانے والوں کے خلاف قائم کی گئی ٹاسک فورس کو ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں، انہوں نے وفاقی پراسیکیوشن سروس کو وزارت قانون کے تحت لانے کی ہدایت کی، شہباز شریف نے اسلام آباد جیل کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے اور اس حوالے سے فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت کی، اس موقع پر اجلاس کو اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ اسلام آباد سیف سٹی کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور سیف سٹی کیمروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے، اسلام آباد جیل کی عمارت اگلے سال مارچ تک مکمل کر لی جائے گی۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔