(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 ماہ سے تمام معاشی اشاریے درست سمت میں جا رہے ہیں ، آج مہنگائی 35فیصد سے 4.9 فیصد پر آئی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ن لیگ کی حکومت آتی ہے تو فارن پالیسی ٹھیک ہو جاتی ہے، عام لوگوں کو روزگار ملنا شروع ہو جاتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف یا ن لیگ کے پاس کوئی جادو کی چھڑی تو نہیں، ن لیگ کا دور جب آتا ہے تو مہنگائی کم ہو جاتی ہے اور روزگار بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے 6 سال بعد افراطِ زر کم ہو کر 4.9 پر آ گیا ہے، افراطِ زر نیچے آتا ہے تو معیشت میں بہتری آتی ہے ، اب تو انڈسٹری بہتر ہو رہی ہے اور روزگار مل رہا ہے، زراعت، آئی ٹی یوتھ پروگرام، خدمت کارڈ یا اقلیت ہر شعبے میں عوام مرکز ہے، کل پنجاب میں 30 ہزار بچوں کو سکالر شپ دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پٹرول کی قیمت میں کمی آتی ہے تو ٹیمیں کرایہ کم کرواتی ہیں، سموگ پر 9 ماہ میں جو کام ہوا اس کی مثال نہیں ملتی، مارچ میں مریم نواز نے اجلاس میں تمام شعبہ جات کو ٹارگٹ دیئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے ہم بھٹوں کو سیل کرتے تھے، سموگ ختم ہوتے ہی وہ بھٹے پھر یہ کام شروع کر دیتے تھے، ایک ہزار بھٹے، انڈسٹری میں 219 یونٹ گرائے گئے ، قصور کا بھٹہ میں نے خود جا کر گروایا کیونکہ وہ بااثر گروپ کا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب سموگ بہت زیادہ ہوئی تو ایک دم ایمرجنسی نافذ کرنی پڑی، اگلے سال کیلئے ہم پہلے ہی ساری حکمت عملی بنائیں گے۔