(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سموگ کنٹرول اقدامات کے پیش نظر بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سموگ کے پیش نظر تیس سال سے زائد عمر کی گاڑیوں کو اکتوبر تا جنوری لاہور میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی اور نہ ہی موٹروے پر سفر کر سکیں گی، ایم ٹیگ حاصل کرنے کے لئے اب گاڑی کی رجسٹریشن بُک اور لائسنس کے ساتھ گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی دکھانا ہو گا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ جس طرح کے سموگ زدہ حالات سے ہم گزرے اسے دیکھتے ہوئے یہ شرط رکھی گئی ہے، ہم نے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کو بھی خط لکھا ہے جس میں سرکاری گاڑیوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ سب سے پہلے فٹنس سرٹیفکیٹ کا اطلاق سرکاری گاڑیوں پر لاگو کروا رہے ہیں، یہ ممکن نہیں کہ لوگوں کو روکیں اور سرکار سوئی رہے، صرف بڑی کمرشل نہیں پرائیویٹ گاڑیوں پر بھی یہ احکامات لاگو ہوں گے۔