خیبرپختونخوا حکومت اب تک سیف سٹی، سی ٹی ڈی نہیں بنا سکی: وزیر اعظم

11-28-2024

(دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو 2010 سے لے کر آج تک 600 ارب روپے جا چکے ہیں لیکن خیبرپختونخوا حکومت اب تک سیف سٹی، سی ٹی ڈی نہیں بنا سکی۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 26 ویں سکیورٹی ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر ہے، معیشت درست سمت گامزن ہے، معیشت کی بہتری ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معاشی سکیورٹی سے ہے، اسلام آباد میں احتجاج کے دوران سٹاک مارکیٹ تنزلی کی طرف گئی، اب سٹاک مارکیٹ نے ایک لاکھ کے ہندسے کو عبور کر لیا، سٹاک مارکیٹ پوائنٹس ایک لاکھ عبور کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان کی معاشی ترقی سست روی کا شکار رہی، دھرنوں، احتجاج کی وجہ سے معیشت کو بھاری نقصان ہوا، معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں، محنت اور لگن سے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، نوازشریف کی حکومت میں دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا تھا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار لوگ شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دہشت گردی کا عفریت پھر سے سر اٹھا رہا ہے، احتجاج کی آڑ میں ہزاروں لوگوں نے اسلام آباد پر لشکر کشی کی، شرپسند مختلف ہتھیاروں کے ساتھ اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اتحاد سے ہی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے، بجلی چوری کو روکنے کے لیے وزارت توانائی دن رات کام کر رہی ہے، مانگے تانگے کی زندگی سے کام نہیں چلے گا، ٹیکس چوری کو روکنا ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام میں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی جڑی ہوئی ہے، 2018 میں اسمبلی میں چارٹر آف اکانومی سائن کرنے کا کہا تھا، بطور وزیر اعظم پھر چارٹر آف اکانومی کا اعادہ کرتا ہوں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب قوم کی حالت کو ہم  نے بدلنا ہے، ہم سب نے مل کر ملک کی تقدیر کو بدلنا ہے۔