لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم خاطر خواہ نتائج نہ دے سکی

11-28-2024

(لاہور نیوز) لیسکو کی انسداد بجلی چوری مہم خاطر خواہ نتائج نہ دے سکی، بھرپور مہم کے باوجود بجلی چوری بڑھ گئی۔

ذرائع کے مطابق مہنگی بجلی اور مبینہ طور پر سٹاف کی ملی بھگت سے بجلی چوری کا مکمل خاتمہ نہ ہو سکا، لیسکو کے 228 فیڈرز پر لاسز کی شرح 30 فیصد سے زائد ہے، لاسز پر قابو پانے کی بجائے لیسکو نے ان فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا۔ ذرائع نے بتایا لیسکو فیلڈ افسران اور عملے کی مبینہ نااہلی کی سزا بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی بھگتنا پڑ رہی ہے، بجلی چوری نہ رکنے سے بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، 30 فیصد لاسز والے فیڈرز کی تعداد 145 ہے جن پر 3 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے، 30 سے 40 فیصد لاسز والے 83 فیڈرز پر 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول ہے۔ اس کے علاوہ40 سے 60 فیصد لاسز والے فیڈرز کی تعداد 28 ہے جن پر 5 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول ہے، 60 سے 80 فیصد تک لاسز والے فیڈرز کی تعداد 26 ہے جن پر 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا، 80 فیصد سے زائد لاسز والے فیڈرز کی تعداد 6 ہے جن پر 7 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ بجلی صارفین کا کہنا ہے لوڈشیڈنگ کے باعث بل ادا کرنے والے صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، لیسکو انتظامیہ بجلی چوروں کو پکڑنے کی بجائے بل ادا کرنے والے صارفین کو پریشان کر رہی ہے۔