ڈیری سیفٹی ٹیموں کی مالز کے فوڈ کورٹس کی چیکنگ، بھاری جرمانے عائد
11-28-2024
(لاہور نیوز) لاہور میں ڈیری سیفٹی ٹیموں نے عبدالحق روڈ پر معروف مالز کے 23 فوڈ کورٹس کی چیکنگ کے دوران غیر معیاری آئل تلف کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر شرجیل شاہد نے معروف مالز کے فوڈ کورٹس کی چیکنگ کی، نجی مالز کے فوڈ کورٹس میں 23 معروف برانڈز کی چیکنگ کی گئی، 2من ناقص استعمال شدہ آئل تلف اور 20لاکھ 35 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے، اس دوران 2 کو اصلاحی نوٹس بھی جاری کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ناقص آئل کے استعمال پر معروف فوڈ پوائنٹس کو جرمانے عائد کئے، کچن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی بھرمار پائی گئی، کھلے ڈرین، ناقص سٹوریج اور ٹوٹے اور فنگس زدہ فریزر میں اشیاء رکھی پائی گئیں، لازم آئل تبدیلی ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل، ٹریننگ سرٹیفکیٹ عدم موجود پائے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا ناقص آئل سے تیار اشیاء خورونوش کا استعمال دل کے عارضے میں مبتلا کر سکتا ہے، صحت مند خوراک کی فراہمی کیلئے ٹیمیں فیلڈ میں مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، زیادہ منافع کے لالچ میں شہریوں کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والے مافیا کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا خوراک کی تیاری میں ناقص اجزاء کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے، خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو بین الاقوامی طرز کے مطابق لانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔