پی ٹی آئی کا پرتشدد احتجاج، بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا فیصلہ

11-27-2024

(لاہور نیوز) پی ٹی آئی کا پرتشدد احتجاج کے خلاف بڑے پیمانے پر گرفتاریاں اور اسلحہ برآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان شرپسندوں کے ملوث ہونے کے واضح شواہد ملے ہیں، پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج کے دوران بڑے پیمانے پر شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا، گزشتہ 7 دنوں میں گرفتار ہونے والے 610 شرپسندوں میں 37 افغان شرپسند بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پرتشدد مظاہرین سے 39 ہتھیار برآمد ہوئے جن میں جدید اسلحہ بھی شامل ہے، ان پرتشدد مظاہروں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 170 سے زائد اہلکار زخمی ہوئے، پولیس کی 22 گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین کی جانب سے ایک جیل وین کو آگ بھی لگائی گئی، پرتشدد مظاہروں کے دوران اسلام آباد سیف سٹی کے 22 ملین روپے کے 97 کیمروں کو نقصان پہنچا جبکہ پرتشدد مظاہرین کی جانب سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ کی گئی۔