پی ٹی آئی احتجاج سے مسافروں کو پریشانی، ٹرانسپورٹرز کو کروڑوں کا نقصان
11-27-2024
(لاہور نیوز) پی ٹی آئی احتجاج سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا جبکہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹرز کو بھی کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی تعداد 6700 ہے، ذرائع کے مطابق لاہور سے روزانہ سفر کرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے زائد ہے، ٹرانسپورٹرز کو روزانہ تقریباً 5 سے 6 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، چار روز تک بس اڈے بند رہنے سے لاہور کے ٹرانسپورٹرز کو 20 سے 24 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند ہونے سے ٹول پلازوں کو بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑا، صرف لاہور کے ٹول پلازوں پر 10 کروڑ 40 لاکھ روپے ٹیکس اکٹھا نہ ہو سکا، چار روز تک ٹول پلازہ بند رہنے سے تقریباً 56 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ پی ٹی آئی احتجاج نے جہاں عوام کی ناک میں دم کئے رکھا وہیں معمولات زندگی اور کاروبار بھی بری طرح متاثر رہے۔