پی ٹی آئی کارکنوں کی اموات کا جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہی ہے : دانیال چودھری

11-27-2024

(لاہور نیوز) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات دانیال چودھری کا کہنا ہے کہ گولیوں سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، پی ٹی آئی کارکنوں کی اموات کا جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے کچھ دیر قبل پورے اسلام آباد کو دکھایا، اسلام آباد میں سب کلیئر کر دیا گیا ، ایک جتھے  نے اسلام آباد پر دھاوا بولا  جس کا ایک ہی ایجنڈا تھا۔ دانیال چودھری نے کہا کہ رات سے سوشل میڈیا پر ایک جھوٹا پروپیگنڈا بنایا جا رہا ہے، پمز ہسپتال جا کر ایک ویڈیو بنائی گئی اور بتایا گیا کہ یہاں لاشیں موجود ہیں، یہ پلان کر کے آئے ہوئے تھے کہ ان کو لاشیں ملیں، حکومت نے تمام چیزوں کو بہت اچھے طریقے سے ہینڈل کیا، پی ٹی آئی کے لوگوں کے پاس اسلحہ موجود تھا، پی ٹی آئی ورکرز علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی کے کہنے پر فائرنگ کرتے رہے، پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا، سکیورٹی کے 6 اہلکاروں کی شہادتیں ہوئیں۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات  نے کہا کہ پولیس کی جانب سے رات کو جتنے بھی آپریشن کئے گئے وہ بغیر اسلحہ کے تھے، یہ چاہتے تھے کہ عوام کی لاشوں پر سیاست کریں، ان کی لاشوں کی سیاست کامیاب نہیں ہونے دی۔ دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ 37 افغان شہری پکڑے گئے جن کو انتشار پھیلانے کیلئے لایا گیا، افغان شہریوں سے آنسو گیس کے شیل ملے جو خیبرپختونخوا حکومت کی ملکیت تھی، افغانیوں کے پاس ایسا اسلحہ ملا جو خیبرپختونخوا حکومت کا تھا، لگ بھگ 100کے قریب کیمروں اور پولیس کی 13بڑی گاڑیوں کو جلایا گیا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے بارہا کہا کہ اس کو 9 مئی نہ بنائیں، 26 اور 27 نومبر کا دن عوام کو یاد رہے گا، چیزیں آج بہتری کی طرف جارہی ہیں، یہ پاکستان کے خلاف انٹرنیشنل پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا تھا آئیں بیٹھ کر احتجاج پر بات کریں، پرامن احتجاج سب کا حق ہے، لوگوں کی جانیں لینے کا حق کسی سیاسی جماعت کو نہیں، لوگوں کے پیٹ پر گولیاں ماری گئی ہیں، لانگ مارچ کے چکر میں پتہ نہیں کتنے سمگلرز  آئے، رات کو گرینڈ آپریشن کیا گیا اس میں بڑی چیزیں سامنے آئیں، رات جو افغان شہری پکڑے گئے اس پر وزیر داخلہ جلد پالیسی دیں گے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ ہمیں یہ بھی پتہ ہے اپنی پریس کانفرنس میں یہ جھوٹے الزامات لگائیں گے، علی امین گنڈاپور ،بشریٰ بی بی یہاں لوگوں کی لاشیں بیچنے آئے تھے، گرفتار مظاہرین بیان دے رہے ہیں کہ ہمیں پیسے دیکر انتشار پھیلانے کیلئے لایا گیا، آئندہ دنوں میں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہو گی۔