بشریٰ بی بی غیرملکی دہشتگردوں اور اسلحے کے ساتھ خون بہانا چاہتی ہے: مریم اورنگزیب

11-26-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ بشریٰ بی بی غیرملکی دہشت گردوں اور غیر ملکی اسلحے کے ساتھ خون بہانا چاہتی ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ دہشت گرد ہیں کوئی شر پسند نہیں، یہ پی ٹی آئی کا اصل چہرہ ہے، کوئی پاکستانی اپنی پولیس اور رینجرز کو گاڑیوں کے نیچے نہیں کچلتا، صوبائی وزیر  نے کہا کہ نا قابلِ تردید شواہد کے مطابق سیاست کی آڑ میں یہ لوگ غیر ملکی دہشت گردوں کو کرائے پر لا کر اپنے نوجوانوں کو گولیاں مروا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہشت گردوں سے کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے، پولیس، رینجرز، ایف سی، ملکی اور غیر ملکی میڈیا، پریس کلب کوئی بھی ان دہشت گردوں کی دہشتگردی سے نہیں بچا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بُشریٰ بی بی پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کے قاتل ہیں، اب کوئی معافی نہیں، ثابت ہوا یہ کوئی سیاسی جماعت نہیں یہ دہشت گرد ہیں، یہ لاشیں چاہتے ہیں خون خرابہ چاہتے تھے اور چاہتے ہیں۔