نیپرا کی حکومت کے بجلی ونٹر پیکیج پر عوامی سماعت مکمل، فیصلہ جلد جاری ہو گا

11-26-2024

(لاہور نیوز) نیپرا نے وفاقی حکومت کے بجلی ونٹر پیکیج پر عوامی سماعت مکمل کر لی، فیصلہ جلد جاری ہو گا۔

نیپرا اعلامیہ کے مطابق مکمل ونٹر پیکیج کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی یونٹ کی قیمت 26 روپے 7 پیسے ہو گی، ونٹر پیکیج میں گھریلو صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہو گی۔ نیپرا کے مطابق ونٹر پیکیج میں صنعتی صارفین کو بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہو گی۔ اعلامیہ کے مطابق ونٹر پیکیج کی معیاد 3 ماہ دسمبر تا فروری تک ہو گی، وزارت توانائی اتھارٹی سٹیک ہولڈرز کی آرا کا جائزہ اور ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔