سارے فساد کی جڑ ایک خفیہ ہاتھ ہے جس کے ارادے کچھ اور ہیں، محسن نقوی

11-26-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے سارے فساد کی جڑ ایک خفیہ ہاتھ ہے جس کے ارادے کچھ اور ہیں۔

پی ٹی آئی احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا رات کو بھی بتایا تھا کہ ہم  نے ان کو سنگجانی کی جگہ آفر کی تھی، انہوں نے دو بار سیز فائر کرکے کہا ہم سنگجانی کی طرف جا رہے ہیں، ہماری کوشش تھی اسلام آباد کی سڑکوں پر تماشہ نہ بنے، یہ آنسو گیس کی شیلنگ اور تشدد کسی کی نہیں ملک کی بدنامی ہے، انہوں نے ہر چیز کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ محسن نقوی نے کہا کل ہماری 4 شہادتیں ہوئیں جس میں 3 رینجرز اور 1 پنجاب پولیس کا جوان شامل ہے، کل ہمارے دو اے ایس پی، ایس پی بھی زخمی ہوئے، پنجاب پولیس کے اہلکار بھی زخمی ہیں، ہم کسی صورت میں جانی نقصان نہیں چاہتے اور نہ تھے، گولی کا جواب گولی بہت آسان تھا، آئی جی صاحب کو کہا ہے اب ان کا اختیار ہے کہ کیسے دفاع کرنا ہے، ہم اپنے سارے جوانوں کو سپورٹ کریں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا پیچھے موجود خفیہ ہاتھ سب کنٹرول کر رہے ہیں اور ان کا کوئی ایجنڈا نہیں، سامنے موجود لیڈر شپ سے پوچھ لیں وہ کچھ بتائے گی، پیچھے موجود خفیہ ہاتھ کچھ اور بتائے گا، خفیہ ہاتھ کامیاب نہیں ہوا، وہ پاکستان کو ناکام کرنے کیلئے نکلا تھا، فساد کی جڑ بھی خفیہ ہاتھ ہے، خفیہ ہاتھ کے ارادے کچھ اور ہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ ہاتھ ہو جائے گا۔