شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی، 4 شہید، اسلام آباد میں فوج طلب
11-26-2024
(لاہور نیوز) سرینگر ہائی وے پر شرپسندوں نے گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے گاڑی چڑھانے پر 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور پولیس کے جوان شدید زخمی ہوگئے، وزارت داخلہ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ انتشار اور شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے احکامات دے دیئے گئے، شرپسندوں کو موقع پر گولی مارنے کے واضح احکامات دیئے گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردانہ کارروائی سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں، شرپسندوں کے حملوں میں پولیس کے 2 جوان بھی شہید ہوچکے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ شرپسندوں کے ہاتھوں اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار شدید زخمی ہوچکے ہیں۔