موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد سکولز بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کریں: لاہور ہائیکورٹ

11-25-2024

(لاہور نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سموگ کے تدارک کے لئے دائر درخواستوں پر حکم نامہ جاری کر دیا۔

جسٹس شاہد کریم  نے درخواستوں پر 3 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد سکولز بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کریں، اس حوالے سے تمام سکولز کو فائنل نوٹس بھی جاری کئے جائیں۔ عدالتِ عالیہ  نے مزید کہا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا ہے پنجاب حکومت سموگ پر قابو پانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف مقدمات بھی کئے جا رہے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے سموگ پر قابو پانے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔