فوڈ اتھارٹی کا ٹولنٹن مارکیٹ میں آپریشن، سیکڑوں بیمار مرغیاں تلف
11-25-2024
(لاہور نیوز) صحت دشمن عناصر کے گرد شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی نے ٹولنٹن مارکیٹ اور مضافات میں آپریشن کر کے سیکڑوں بیمار مرغیاں تلف کر دیں، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور شرجیل شاہد نے ٹولنٹن مارکیٹ اور مضافات میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 22 کلو گرام بیمار مرغیاں تلف کر دی گئیں، 50 میٹ شاپس اور سپلائر گاڑیوں میں ایک لاکھ 60 ہزار کلو گرام مرغیوں کی چیکنگ بھی کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ویٹرنری سپیشلسٹ نے برآمد شدہ بیمار اور مردہ مرغیوں کا معائنہ کیا، بیمار مرغیوں کو موقع پر تلف کر کے مضر صحت گوشت کی ترسیل ناکام بنائی گئی۔ ان کا کہنا تھا جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، پنجاب سے جعلسازوں کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔