لاٹھی، گولی سے ملک نہیں چلتے، گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ حل ہے: فواد چودھری

11-24-2024

(لاہور نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ لاٹھی،گولی سےملک نہیں چلتے، گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ حل ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کی اننگزکا ابھی پہلا دن ہے، جب ہجوم اکٹھا ہو گیا تو پھر کسی کی نہیں سنے گا، ملک میں پرامن احتجاج کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تین مطالبات ہیں، سیاسی قیدیوں کی رہائی ہونی چاہیے، راستہ گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ ہونا چاہیے، عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہا کر دیا جائے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے بعد گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ ہونا چاہیے اور اداروں کو بھی شامل کرنا چاہیے، اگربانی پی ٹی آئی محمود اچکزئی، مولانا کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں تو نواز شریف، زرداری سے بھی ہونی چاہیے، حکومت کا کام ہوتا ہے ملک میں استحکام لیکر آئے، لاٹھی، گولی سےملک نہیں چلتے۔ فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کے بیان سے تحریک انصاف کو کافی نقصان ہوا ہے، بشریٰ بی بی سیاست دان نہیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کو پروفیشنل ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک قدم عمران خان، دو قدم حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پیچھے کی طرف لے، اس وقت ملک کوسیاسی گرینڈ ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔