اسلام آباد پرچڑھائی کرنے والے ملک دشمن ہیں، عظمیٰ بخاری
11-23-2024
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پرچڑھائی کرنے والے ملک دشمن ہیں۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا پاراچنار میں آگ لگی ہوئی ہے، 40 سے زائد افراد مارے گئے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں، علی امین کو چاہئے تھا کہ وہ پاراچنار میں جاتے اور جرگہ میں بات کرتے لیکن وزیراعلیٰ کے پی کو کوئی فکر نہیں ہے، علی امین اور بشریٰ بی بی بیٹھ کر فساد کی پلاننگ کر رہے ہیں، اس وقت بانی پی ٹی آئی لاشیں گرانے کے موڈ میں ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ایک ارب 35 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار روپے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز نے نکلوائے، 95 کروڑ 94 لاکھ ڈاکیومنٹ میں ظاہر کئے گئے ہیں اور باقی 39 کروڑ روپے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، یہ تمام پیسے 9 مئی پارٹ 2 کیلئے استعمال ہوں گے، ان بلوائیوں کے پاس اسلحہ ہو گا اور قانون کو چیلنج کیا جائے گا، کیا ہم اسلام آباد کو ان بلوائیوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیں، ہمارے بس میں جو کچھ ہوا ہم کریں گے لیکن انہیں اسلام آباد میں فساد برپا نہیں کرنے دیں گے، جو آپ کے ساتھ کرنا چاہیے وہ ہی کریں گے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا بشریٰ بی بی نے کہا کبھی ہم نے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا، کیا جلاؤ گھیراؤ کرنا پرامن احتجاج تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا بشریٰ بی بی نے جو کہا ٹھیک کہا، بانی پی ٹی آئی چوری ،کرپشن اور غداری کے کیس میں اندر ہیں، احتجاج کرنا ہے تو کے پی میں کرو، اسلام آباد کیا لینے آتے ہو۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا پہلا دورہ بانی پی ٹی آئی نے سعودی عرب میں کیا، جو بانی پی ٹی آئی نے مانگا سعودی عرب نے اس سے زیادہ دیا، آپ لوگوں کو سعودی عرب پر الزام لگاتے شرم نہیں آئی، بانی پی ٹی آئی کے ہاتھوں جب بھی ہوا ملک کا بیڑہ غرق ہی ہوا ہے، بشریٰ بی بی کا بیان حکومتی اداروں اور خارجی تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے، وہ دن دور نہیں جب بشریٰ بی بی کا بوریا بستر گول ہوتے دیکھ رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کے پی میں کچھ کر نہیں رہے اور پنجاب میں کسی کو کرنے نہیں دے رہے، ہم ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر قائم ہیں۔