سابق آرمی چیف جنرل(ر) باجوہ نے بشریٰ بی بی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیدیا
11-22-2024
(لاہور نیوز) سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے الزام کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے دیا۔
گزشتہ روز سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل (ر) باجوہ کو کالز آنا شروع ہو گئیں، جنرل (ر) باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں، ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے کر آئے۔ بشریٰ بی بی کے بیان پر ردعمل میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سعودی عرب سے واپسی پر کوئی فون کالز نہیں آئیں، بشریٰ بی بی غلط کہہ رہی ہیں میرے پاس کوئی کالز نہیں آئیں۔ علامہ طاہر اشرفی کی بھی بشریٰ بی بی کے بیان کی تردید پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے بشریٰ بی بی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کا دوست ملک پر الزام جھوٹ ہے، میں عمران خان کے اس دورے میں موجود تھا، اس دورے میں وفد کو سعودی عرب میں بہت احترام ملا۔ علامہ طاہر اشرفی نے جنرل (ر) باجوہ کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قمر باجوہ ساتھ تھے ان کو کسی کی کال نہیں آئی، پاکستان اور سعودی عرب کسی صورت فلسطین کے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھے۔