عمران خان کی نااہلی، الیکشن کمیشن نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھا دیا
11-22-2024
(ویب ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کارروائی کیخلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھا دیا۔
جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، اس دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ کیس پہلے ہی سماعت کے لئے مقرر ہے، لاہور ہائیکورٹ اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں رکھتی۔ جس پر جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ آپ ایک اہم کیس میں دلائل دے رہے ہیں آپ کو مکمل طور پر آرگنائزڈ ہونا چاہئے تھا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کو تمام عدالتی فیصلوں کی کاپی بنا کر تمام ججز کو دینی چاہئے تھی۔ بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی درخواست دی تھی جو مسترد کر دی گئی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار کی مرضی ہے کہ اس کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ سنے یا لاہور ہائیکورٹ۔ بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق مزید دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی کارروائی ملتوی کر دی۔