سسرالیوں کے ہاتھوں حاملہ بہو کا قتل، ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
11-22-2024
(لاہور نیوز) ڈسکہ میں سسرالیوں کے ہاتھوں حاملہ بہو کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہو گئی۔
زارا کے قتل میں ملوث چار گرفتار ملزمان ساس، نند، نواسہ اور رشتے دار نوید کو آج علاقہ مجسڑیٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، خاتون ڈیوٹی مجسٹریٹ نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ سسرالیوں نے بہو کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ٹکڑے کرکے بوری میں بند کرکے نالے میں پھینک دی تھی، دوران تفتیش سفاک ملزمان نے اپنے اس گھناوئے اقدام کا اعتراف جرم کیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مرکزی ملزمہ مقتولہ کی ساس نے بہو کو قتل اور لاش ٹھکانے لگانے کا طریقہ بھارتی ڈراموں سے سیکھا اور قتل کے بعد ہر وہ کام کیا کہ جس سے شواہد مٹ سکیں۔