سموگ میں کمی پر پابندیوں میں مزید نرمی: پنجاب بھر کے تفریحی مقامات کھول دیئے گئے

11-21-2024

(لاہور نیوز) سموگ میں کمی کے باعث پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے پنجاب بھر کے تفریحی مقامات کو کھول دیا گیا ہے۔

ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ  نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق پارکس، چڑیا گھر، پلے گراؤنڈ، آؤٹ ڈور سپورٹس کی اجازت دے دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تفریحی مقامات کو 8 بجے تک کھلا رہنے اور ہر قسم کے فیسٹیول، نمائش کی اجازت دے دی گئی، تفریحی مقامات کو 22 نومبر سے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں مارکیٹس 8 بجے بند ہوں گی، ہفتہ اور اتوار کو بھی مارکیٹس 8 بجے بند ہوں گی، فیصلے کا اطلاق دکانوں، شاپنگ مالز، مارکیٹس پر ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیز، تنور، ڈیپارٹمنٹل و گروسری سٹورز سمیت بنیادی ضرورت کی اشیا کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ بیکریوں کو 8 بجے کے بعد بھی کام کرنے کی اجازت ہو گی۔