اسد قیصر نے 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی بتا دی
11-21-2024
(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج کی حکمت عملی بتا دی۔
صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کا کہنا تھا کہ 24 نومبر کے احتجاج کے لئے ہم نے حکمت عملی بنائی ہوئی ہے، پشاور، مردان، چارسدہ اور نوشہرہ کے کارکنان صوابی سے اسلام آباد جائیں گے، باقی اضلاع کے کارکنان مختلف روٹس سے ہوتے ہوئے اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ مذاکرات کے لئے رابطہ ہوا ہے، پارٹی اپنا فیصلہ کرے گی کس طرح اور کس حد تک مذاکرات کرنے چاہئیں، سب سے اہم بات یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کی اجازت دی ہے، اب دیکھنا ہے حکومت کتنی سنجیدگی سے اس ایجنڈے کو آگے بڑھاتی ہے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں ملک میں بالکل استحکام آنا چاہئے، اس وقت لاء اینڈ آرڈر چیلنجز کا سامنا ہے، بشریٰ بی بی سے میری ملاقات ہوئی ہے، بشریٰ بی بی 8 مہینے جیل میں رہیں ان کے ساتھ ظلم ہوا ہے، بشریٰ بی بی عمران خان کی اہلیہ اور غیرسیاسی خاتون ہیں۔