فتنہ پارٹی کے 90 فیصد لوگ 24 نومبر کے احتجاج کے مخالف ہیں، عظمیٰ بخاری

11-21-2024

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے فتنہ پارٹی کے 90 فیصد لوگ 24 نومبر کے احتجاج کے مخالف ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ریاست کے خلاف الجہاد الجہاد کے نعرے لگا کر پی ٹی آئی نے ثابت کیا یہ ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے، ٹی ٹی پی کے سیاسی ونگ نے”جہادی سکواڈ“بھی قائم کر دیا ہے، فتنہ پارٹی نے جہادی سکواڈ کو مسلح کیا ہے، یہ جہادی سکواڈ اسلحے، شیلنگ، غلیلیں، کانچ اور ربڑ کی گولیوں سے لیس ہو گا۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ فیڈریشن کےخلاف ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو مسلسل مہرے کی طرح استعمال کر رہا ہے، بشریٰ بی بی کے آمرانہ اور تحقیر آمیز رویے سے انکے ارکان اسمبلی میں پھوٹ پڑ چکی ہے، علیمہ خان اور شیر افضل مروت نے بھی بشریٰ بی بی کی پارٹی پر قبضے کی کھل کر مخالفت کی ہے، انکے پنجاب کے ارکان اسمبلی کافی سمجھدار ہیں، انہوں نے بشریٰ کی لیڈرشپ کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا اڈیالہ جیل کا قیدی کے پی کے نوجوان کو فیڈریشن کے خلاف مسلسل اکسا رہا ہے، جن بچوں کے ہاتھ میں لیب ٹاپ ہونے چاہئے انکو غلیلیں اور مسلح کیا جا رہا ہے، ریاست کو کمزور مت سمجھیں ، ہمیں جتھوں اور بلوائیوں کا علاج کرنا آتا ہے۔