آئی ایم ایف سے ایک ارب کلائمیٹ فنانسنگ پہلے اقتصادی جائزے کے بعد ملے گی
11-21-2024
(مدثر علی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ایک ارب کلائمیٹ فنانسنگ پہلے اقتصادی جائزہ کے بعد ملے گی۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم کو اہداف مکمل ہونے پر مارچ میں اقتصادی جائزہ کے بعد کلائمیٹ فنانسنگ کا عندیہ ملا ہے، کلائمیٹ فنانسنگ ملنے کی صورت میں موجودہ قرض پروگرام تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہو گا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان قرض پر پہلا اقتصادی جائزہ مارچ میں ہو گا، آئی ایم ایف مشن کیساتھ حالیہ بات چیت کے دوران کلائمیٹ فنانسنگ پر زیادہ پیشرفت نہیں ہوئی، آئی ایم ایف نے کلائمیٹ فنانسنگ کیلئے اہداف پر عملدرآمد کی شرط عائد کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی کا ایک فیصد سالانہ کلائمیٹ چینج پر خرچ کئے جانے کی تجویز سے آئی ایم ایف متفق ہے، جی ڈی پی کا تقریبا ایک فیصد موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے خرچ کیا جائے گا، نیشنل اڈاپٹیشن پلان کے تحت قبل ازوقت وارننگ سسٹم کیلئے اقدامات بھی شرائط میں شامل ہیں۔