حسن نواز کا دیوالیہ پن 29 اپریل 2025 کو ختم ہو جائے گا

11-21-2024

(لاہور نیوز) صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کا دیوالیہ پن29 اپریل2025 کو ختم ہوجائے گا۔

قانونی ذرائع کے مطابق ایچ ایم آر سی اور حسن نواز کے درمیان ٹیکس کے تنازع کی رقم10 لاکھ پاؤنڈز سے کم ہے، ٹیکس کا تنازع، دھوکہ دہی یا منی لانڈرنگ کی تحقیقات نہیں ہو رہیں، حسن نواز کیخلاف تمام آپشنز ختم ہونے پر دیوالیہ پن قرار دینے کیلئے لندن ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ترجمان ایچ ایم آر سی کا کہنا ہے کہ رازداری کے قوانین کے سبب حسن نواز کے کیس کی تفصیلات شیئر نہیں کرسکتے، حسن نواز اور محکمہ ٹیکس ایچ ایم آر سی کے درمیان ایک کمپنی کے ٹیکس کا تنازع2020 میں شروع ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق تنازع کے آغاز کے وقت پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، حسن نواز نے ایک غیر فعال کمپنی کا ٹیکس ادا کرنے سے انکار کردیا تھا، حسن نواز کو دیوالیہ قرار دینے کا فیصلہ تیسری سماعت میں جج مولن کی عدالت میں ہوا۔ حسن نواز کا دیوالیہ پن ڈیڑھ برس سے کم عرصہ میں ختم ہوجائے گا لیکن چھ برس تک مالیاتی ریکارڈ پر موجود رہے گا، حسن نواز اب بھی متعدد کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں، کمپنیز ہاؤس کے ریکارڈ کے مطابق وہ پاکستانی شہری ہیں۔ کیس کی تفصیلات سے واقف ذرائع کے مطابق حسن نواز نے رابطہ کئے جانے پر جواب نہیں دیا، یہ کسی جرم، دھوکہ دہی یا منی کانفرنس کا معاملہ نہیں بلکہ سول کیس ہے۔