پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال کا وقت مناسب نہیں: فضل الرحمان

11-20-2024

(لاہور نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کال کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو پکا ہاتھ ڈالنا چاہیے، تحریک انصاف کو جلسے، مظاہروں کا حق ہے، ہم چودہ ملین مارچ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم  نے بڑے پرامن اندازمیں ملین مارچ کیے، تحریک انصاف کو حکمت عملی بہتر کرنے کی ضرورت ہے، سیاسی جماعتوں کے آپس میں اختلاف ہوتے ہیں، ہماری پی ٹی آئی کےساتھ تلخی تھی اسے اعتدال میں لانے کے لیے کامیاب ہوئے ہیں، پی ٹی آئی سے تلخیوں سے ہم نرمی کی طرف آرہے ہیں۔ دہشت گردی کے حوالے سے سوال کے جواب میں سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نائن الیون کے بعد دہشت گردی بڑھی، پاکستان نے امریکا کو اڈے دیئے تھے، فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ پرویز مشرف اس وقت کوئی بات سننےکو تیار نہ تھے، پرویز مشرف امریکا کی نظرمیں مقبول ہونا چاہتےتھے، اس کے بعد آج تک اس دہشت گردی کی جنگ سے ہماری جان نہیں چھوٹ رہی، بیس سال سے ہم یہ جنگ لڑ رہے ہیں۔