سموگ میں کمی:لاہور اور ملتان کے علاوہ تمام ڈویژنز میں تعلیمی سرگرمیاں بحال
11-19-2024
(لاہور نیوز) سموگ کی صورتحال بہتر ہوتے ہی لاہور اور ملتان کے علاوہ تمام ڈویژنز میں تعلیمی ادارے کھل گئے۔
محکمہ تحفظ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام طلبہ اور اساتذہ کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ آؤٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی برقرار ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں سموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے، بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائے۔