مذاکرات تسلیم ہو گئے تو احتجاج ختم کردیں گے: بیرسٹر گوہر

11-18-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مذاکرات تسلیم ہو گئے تو احتجاج ختم کر دیں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈرشپ کو عمران خان کے ساتھ ملنے نہیں دیا جارہا ہے، بشریٰ بی بی نےعلی امین گنڈا پور سے برہمی کا اظہار نہیں کیا، بشریٰ بی بی نےکہا بانی کی کال پرسب نے باہر نکلنا ہے، پنجاب سے حماد اظہر لیڈ کریں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اورعلیمہ بی بی کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں، بشریٰ بی بی نے کہا ہے احتجاج میں زیادہ سے زیادہ لوگ شرکت کریں۔ بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ ایم این ایز، ایم پی ایز، کارکنوں کے لیےکھانے کا بندوبست کریں گے، مذاکرات کا اگر وقت آیا تو عمران خان نے فیصلہ کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لیتے رہیں گے، انشااللہ بانی تک رسائی ختم نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرعمران خان سے رسائی ختم ہو گی تو سینئر قیادت فیصلہ کرے گی، ہمارے مطالبات بڑے واضح ہیں، تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری ہوا جس کی آج تک سماعت نہیں ہوئی۔ چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی بیک فائروالی بات نہیں ہوتی، ہماری تحریک جاری رہےگی اگر مطالبات کل تسلیم ہو جاتے ہیں تو ہم احتجاج نہیں کریں گے۔