پی ٹی آئی کے احتجاج کا نتیجہ بھی پہلے جیسا ہو گا: طلال چودھری
11-18-2024
(لاہور نیوز)رہنما مسلم لیگ ن طلال چودھری نے کہا ہے پی ٹی آئی کے احتجاج کا نتیجہ بھی پہلے جیسا ہو گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج کی وجہ غریب آدمی کو ریلیف دلانا نہیں، ریاست پر چڑھائی کرنی ہے، ریاست پر چڑھائی کر کے معافی نہیں ملے گی، معافی اپنے گناہوں کی سزا کے بعد ہی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے بعد ایک نئی تاریخ کا اعلان کر دیا جاتا ہے، ایک بار پھر آخری کال دی گئی ہے، ان کے احتجاج کا وہی رزلٹ ہو گا جو پہلے آیا۔ رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی استحکام آ رہا ہے، خیبرپختونخوا وزیر اعلیٰ کہتا ہر بار اپنی نوکری پکی کرتا ہے، علی امین گنڈا پور کہتا کچھ اور کرتا کچھ اور ہے۔ طلال چودھری نے کہا کہ کسی کومعاشی استحکام کونقصان نہیں پہنچانےدیا جائے گا، بہن اور بھابھی کے درمیان پارٹی پرقبضہ کی لڑائی ہے، کبھی ہیرے کی انگوٹھیاں، کبھی توشہ خانہ کھا جانا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اندرونی طور پر شدید انتشار کا شکار ہو چکی، پی ٹی آئی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔