توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب ذاتی حیثیت میں طلب
11-18-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کے سی ٹی ڈی کے ٹریننگ کرنے والے اہلکاروں کو سپیشل الاؤنس نہ دینے کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
لاہورہائیکورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے محمدشعیب ظفرسمیت200 سے زائد ملازمین کی درخواست پرسماعت کی، درخواستگزاروں کی جانب سے حافظ طارق نسیم ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں کے وکلا نے اپنے دلائل میں کہا کہ سی ٹی ڈی کارپول اہلکاروں نے دوران ٹریننگ الاؤنس نہ دینے پر ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالتی احکامات کے باوجود سی ٹی ڈی کارپول اہلکاروں کو الاؤنس نہیں دیا گیا۔ عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو توہین عدالت کی درخواست پر جواب سمیت ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کر دی۔