سموگ کے باعث کمرشل مارکیٹوں پر پابندی میں توسیع
11-17-2024
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سموگ کے پیش نظر کمرشل مارکیٹوں پر پابندی میں توسیع کر دی گئی، محکمہ تحفظ ماحولیات نے تینوں سیکٹرز میں پابندیوں کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ لاہور اور ملتان میں تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں، کالجز اور سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے، تمام تر آؤٹ ڈور سرگرمیاں جن میں کھیل، نمائش اور فیسٹیولز پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہو گی تاہم نماز جنازہ پر کسی قسم کی پابندی کا اطلاق نہیں ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان اور لاہور میں تعمیرتی سرگرمیوں پر مکمل بین 24 نومبر تک ہو گا، فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہو گی، ضلع لاہور میں فائر ورکس پر 31 جنوری تک پابندی ہو گی۔ سرکلر کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نجی اور سرکاری دفاتر میں پچاس فیصد عملہ کم کرنے کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کر دی گئی، ملتان اور لاہور میں آوٹ ڈور ڈائننگ میں شام چار بجے کے بعد پابندی ہو گی، تمام ریسٹورنٹس کو رات 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہو گی۔ محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملتان اور لاہور میں ہیوی وہیکلز کے داخلے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہو گی ،تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کرنا ہوں گے، پنجاب کے دیگر سولہ اضلاع میں تعلیمی اداروں اور پارکوں میں عوام کے داخلے پر چوبیس نومبر تک پابندی ہو گی جبکہ ضلع مری تمام تر پابندیوں سے مستثنیٰ ہو گا ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ہے سموگ کے پیش نظر ہائر سیکنڈری تک تعلیمی ادارے 24 نومبر تک بند رہیں گے یا آن لائن کلاسز ہوں گی، پارکس، چڑیا گھر، تاریخی مقامات، پلے لینڈز اور عجائب گھر چوبیس نومبر تک بند رہیں گے۔